پشاور(مہم نیوز)حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری، طلباء کو سہولیات کی فراہمی اور جامعات کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سید فخرجہان
خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائزو ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے یونیورسٹی آف بونیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور متعلقہ حکام سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ادارے کی فلاح و بہبود، تعلیمی ماحول کی بہتری، طلباء کو درپیش مسائل، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور یونیورسٹی کی مستقبل کی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیم کے شعبے کی ترقی اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
انھوں نے کہا کہ جامعات علم، تحقیق اور جدت کے مراکز ہوتی ہیں، جن کا مضبوط ہونا صوبے کے روشن اور ترقی یافتہ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بونیر جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ادارے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے، تاکہ یونیورسٹی مزید بہتر انداز میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکے۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طلباء اور تعلیمی اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی، تعلیمی معیار کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے صوبائی وزیر کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری تعلیمی و تحقیقی منصوبوں، ضروریات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔

