راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی مفاد کے مشترکہ شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لبنانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
