
بھارت کی کسی بھی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح جواب دیا جائے گا، آرمی چیف
پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، کوئی کسی بھی قسم کی غلط فہمی میں نہ رہے، جنرل عاصم منیر
راولپنڈی(1روزنامہ مہم)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح کا جواب دیا جائے گا
۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا اور ہیمر اسٹرائیک مشق کا مشاہدہ کیا، جہاں پاک فوج کی منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے فیلڈ ٹریننگ مشق کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر فوجیوں سے خطاب کیا جس میں انہوں نے قوم کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے غیر متزلز ل عزم کا اعادہ کیا اور افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے جذبے کو پاک فوج کی آپریشنل مہارت قرار دیا اور ان کے لڑنے کی صلاحیت اور حربی جذبے کو سراہا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈونچر کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کا عزم کیے ہوئے ہے، ہمارا قومی مفاد کے تحفظ کے لیے تیاری اور عزم مطلق ہے۔
