محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے ایبٹ آباد اور خیبر میں دو بڑی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 21 کلو 669 گرام چرس برآمد کر لی جبکہ ایک کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر کے دونوں واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
پشاور( مہم نیوز)محکمہ کے مطابق صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف سخت پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخرجہان کے ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔
کی گئی تازہ کاروائیوں کے حوالے سے محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز ماجد خان اور سرکل آفیسر ارشاد اللہ آفریدی کی نگرانی میں فیصل خان، ایس ایچ او تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد نے دیگر نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب ایک مسافر گاڑی میں سوار منشیات سمگلر کے قبضے سے دوران تلاشی 3669 گرام چرس برآمد کی۔
کارروائی کے دوران ملزم ماجد آفریدی ولد جاوید خان ساکن باڑہ ضلع خیبر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔
اسی طرح خیبر میں تھانہ ایکسائز خیبر اور ایکسائز انٹیلیجنس اسکواڈ نے ایک اور بڑی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز ماجد خان کی نگرانی میں ماجد حسین، ایس ایچ او تھانہ ایکسائز خیبر نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر امین جان، ذوالفقار اور دیگر نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر ملک تاج پیٹرول پمپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر VH-597 سے دوران تلاشی 18000 گرام چرس برآمد کی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ایکسائز خیبر میں درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
