
پشاور(روزنامہ مہم)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے سامنے پنجاب پولیس کی جانب سے خیبر پختونخوا کے منتخب عوامی نمائندوں، پارٹی قیادت اور عمران خان کی ہمشیرگان کے ساتھ توہین آمیز اور جارحانہ سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے اس واقعے کو وفاقی و پنجاب حکومت کی بوکھلاہٹ اور فسطائیت کی عملی مثال قرار دیا۔
اپنے مذمتی بیان میں محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پرامن ملاقات کے لیے آنے والے عوامی نمائندوں کے ساتھ دھکم پیل اور بدتمیزی نہ صرف آئینی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوری اقدار کی بھی تذلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں قائم جعلی حکومت سیاسی انتقام کے جذبے میں اندھی ہو چکی ہے اور عمران خان کے خوف سے منتخب نمائندوں تک کو نشانہ بنا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ موجودہ حالات قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں، لیکن شریف خاندان اپنے بغض اور سیاسی مفاد کے لیے قوم کو تقسیم کرنے پر تلا ہوا ہے۔
انہوں نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا از خود نوٹس لے اور اراکین اسمبلی کے خلاف کی جانے والی ریاستی زیادتیوں کو روکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلی مقدمات، غیر آئینی ہتھکنڈے اور دھونس و جبر سے عمران خان اور ان کے وفاداروں کے حوصلے کمزور نہیں کیے جا سکتے۔