تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے کی سرنگ میں جزوی چٹان گرنے کے بعد
تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے کی سرنگ میں جزوی چٹان گرنے کا واقعہ، تمام کارکن محفوظ
اسلام آباد(مہم نیوز)واپڈا کے مطابق تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں سیکنڈ بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصے کے بیٹھنے سے انٹیک پٹ کا پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوگیا، تاہم تمام کارکنوں کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا۔
واپڈا کے مطابق انٹیک پٹ سے آنے والے پانی کی مکمل نکاسی کرلی گئی ہے اور ڈاؤن اسٹریم کے زیرِ تعمیر مقامات میں مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔
زیرِ تعمیر پاور ہاؤس کے اندر سے پانی نکالنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
واپڈا کے سینئر افسران، انجینئر اور کنٹریکٹر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے کو درپیش کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹا جا سکے۔
واپڈا نے واضح کیا ہے کہ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن کی مرکزی سرنگ کے منہدم ہونے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں۔ مرکزی سرنگ، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ یا سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جبکہ منصوبے پر کام کرنے والے عملے میں کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع نہیں۔

