ضلع کچھی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 27 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 27 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی:سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقہ کڑم ویلی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 27 دہشتگرد جہنم واصل کردیئے، آپریشن کے پہلے فیز میں 15 جبکہ دوسرے فیز میں مزید 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم مقامی کمانڈر یاسر پرکانی بھی شامل ہے۔
بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ردالفتنہ 3 جاری ہے۔ مستونگ میں ہونے والے آپریشن کے دوران مقامی کمانڈر یاسر پرکانی بھی ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور خود ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب ملک کے دیگر علاقوں میں بھی دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی اقدامات مزید تیز کیے جا رہے ہیں۔
دو روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

