پاکستان کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے فاز میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ ’’فَاز‘‘ ایئر ٹو ایئر میزائل کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے ایئر ٹو ایئر میزائل ’’فَاز‘‘ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے، جو ملکی دفاعی اور فضائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
’’فَاز‘‘ کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت اور حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کرنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ملکی دفاعی نظام مزید مضبوط ہو گا۔
بیان میں کہا گیا کہ میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کا مظہر ہے۔
تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اس جدید میزائل نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

