کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، سپاہی حکمت اللہ نے جام شہادت نوش کیا
بلوچستان میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 17 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا جوان شہید
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا 25 سالہ جوان سپاہی حکمت اللہ شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یکم نومبر کو ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں سڑک بند کرنے کی کوشش سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کارروائی کے دوران سپاہی حکمت اللہ، عمر 25 سال، ساکن ضلع کرک، بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

