دیر کالونی سکول حادثے کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت
دیر کالونی سکول حادثہ، تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا سروے 4 دن میں مکمل کرنے کا حکم
پشاور: ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لینے اور عمارتوں کا سروے کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔
انہوں نے سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم عنایت اللہ وسیم کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں حفاظتی قواعد و ضوابط کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور ان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے جامع طریقۂ کار وضع کیا جائے۔
ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا سروے کروا کر رپورٹ چار دن کے اندر فراہم کرنے کا حکم دیا، تاکہ عمارتوں کی موجودہ حالت اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی جا سکے اور طلبہ کی جان و سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے دیر کالونی سکول حادثے میں بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے حادثے میں شہید ہونے والے بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہید بچوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

