پشاور:صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ خواتین کیلئے کرکٹ کے حوالے سے بڑے ایونٹ زلمی وومن کرکٹ لیگ کا باضابطہ اغاز منگل کے روز ہو گیا۔
اپنی نوعیت کی اس اہم اور بڑے ایونٹ کا اہتمام خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ اعلی تعلیم کے تحت زلمی فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیا ہے۔
زلمی وومن کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان افریدی،صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان،وزیر ابنوشی پختونیار خان،معاون خصوصی ہمایون خان کے علاوہ سیکرٹری اعلی تعلیم کامران آفریدی اور زلمی فاونڈیشن کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم،یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز،کالجز کے پرنسپلز سمیت طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
۔افتتاحی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان آفریدی اور صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے زلمی وومن لیگ کا باضابطہ افتتاح کیا جبکہ وزیرکھیل سید فخر جہان نے ایونٹ کے ونر اور رنر آپ آنے والی ٹیموں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان افریدی نے کہا کہ پشاور زلمی نے صوبے کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور امید ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا مسقبل میں بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کالجز اور یونیورسٹیوں میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اوراس مہینے کالجز اور یونیورسٹیوں کے مابین 14 مختلف گیمز میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دو ہزار سے ذائد کھلاڑی شرکت کریں گے۔
انھوں نے زلمی لیگ میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ایونٹ خیبر پختونخواکے ٹیلنٹڈ بچیوں کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم اور پشاور زلمی کی مشترکہ کاوش ہے اور اسے مذید آگے لےکرجائینگے۔انھوں نے کہا کہ یونیورسٹیز اور کالجز میں سپورٹس انفرسٹرکچر بہتر کرنے پر کام جاری ہے اورباصلاحیت نوجوانوں کے لئے مزید مواقع پیدا کرینگے۔
مینا خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارےصوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اورقومی کرکٹ ٹیم میں اس وقت خیبرپختونخوا سے 7سے8 کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔
انھوں کہا کہ صوبے کی بچیوں میں بھی بیش بہا صلاحیتیں موجود ہیں اور انکے لیئے سہولیات بہتر کریں گے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی بہتر نمائندگی کرسکیں۔
صوبائی وزیر کھیل نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔
انھوں نے وومن کرکٹ لیگ کی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنے کھیل پر توجہ دیں اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے۔
سید فخر جہان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ہر کھیل کے فروغ سمیت کھلاڑیوں کی معاونت اور ہر ممکن تعاون کریگی کیونکہ یہ پوری دنیا میں ہمارا مثبت تشخص اجاگر کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ صوبے میں روایتی، ثقافتی اور بین الاقوامی کھیلوں کو ترقی وترویج دے رہے ہیں جسکا مقصد یہاں پر صحت مند سرگرمیوں کی جانب نوجوان نسل کو راغب کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کے لئے اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد کرنے پر پشاور زلمی کے مشکور ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہو صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو کھیلنے کے لیئے مواقع فراہم کرتی رہے گی کیونکہ صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کا عزم کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مختلف گیمز کے ٹیموں کا انتخاب کیاجائے گا اور ان کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لئے تعاون اور ماہانہ 25 ہزار وظیفہ دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے بچوں اور بچیوں کو اس طرح کے ایونٹس میں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کیونکہ ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بس ان کی سرپرستی کرنے کی ضرورت ہے۔