پی ایس ایل کے لئے ٹرائلز یکم جنوری سے ارباب نیاز سٹیڈیم میں منعقد ہونگے،ڈائریکٹر پشاور زلمی محمد اکرم۔
خیبر پختونخوا کے وزیرکھیل وامورنوجوانان سید فخر جہان نے کہاہے کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاورکا تعمیراتی کام اگلے سال 15فروری تک مکمل کرلیا جائے گاجس کے بعد سٹیڈیم سپر لیگ میچزکے لیے دستیاب ہوگا اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں کھیلے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم جلد از جلد یہاں پر انٹر نیشنل میچز لائیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاورکے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے وہاں پر دورہ کرنے کے موقع میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پران کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس عبدالناصر خان، پشاورزلمی کے ڈائریکٹروسابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم،ڈائریکٹر ارباب نیاز سٹیڈیم سلیم رضا،پشاور زلمی کے ٹیم ہیڈ فہد،افیشل عباس لائق سمیت محکمہ سپورٹس کے دیگر حکام، انجینئرزز اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر سید فخر جہان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سٹیڈیم کے سول ورک کاکام ڈبل شفٹ میں کیاجائے گاتاکہ باقی ماندہ کام فروری کے مہینے میں مکمل کیا جا سکے اور آئندہ سال پی ایس ایل کے میچز پشاورمیں ممکن بنائیں جائیں۔
ان کاکہنا تھا کہ فنڈز کوتعمیراتی کام میں حائل نہیں ہونے دینگے اورامید ہے کہ سٹیڈیم کاتمام ترکام مقررہ وقت تک مکمل کیاجائیگا۔
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرکاکہناتھاکہ صوبے میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اب تک متعدد قومی سطح کے مقابلے کراچکے ہیں جس میں حالیہ منعقدہ میراتھن ریس بھی شامل ہے جس میں ملک بھرسے کھلاڑیوں نے حصہ لیاتھاجبکہ جنوری میں قومی پولوایونٹ کاانعقاد بھی کیاجائیگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں پر کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کیساتھ منسلک معاملات میں بھی ہر ممکن کوشش کریں گے جبکہ اپنے صوبے میں گراؤنڈز کو بھی اعلی اور سہولیات سے لیس بنائیں گے۔
انھوں نے یقین دلایا کہ انکی پوری ٹیم پشاور زلمی کیساتھ یہاں پر کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر پشاورزلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی کے زیر اہتمام پاکستان سپرلیگ کے لئے ٹرائلز یکم جنوری سے ارباب نیاز سٹیڈیم میں منعقد ہونگے جس میں پاکستان بھر سے کھلاڑی شرکت کرینگے۔
ان کاکہناتھا کہ ارباب سٹیڈیم کو ہماری توقعات سے بڑھ کر خوبصورت بنایا گیاہے اورامید ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے میچز پشاورمیں کرائے جاسکیں گے۔انھوں نے کہا کہ پشاور زلمی صوبے میں سپورٹس کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان کرکٹ میں خیبرپختونخواکے کھلاڑیوں کابہت بڑا کردارہے اور خیبر پختونخوا کے عوام کا پی ایس ایل کے لائیو میچز دیکھنے کا حق بنتا ہے۔
دریں اثنا صوبائی وزیر اور پشاور زلمی کے ڈائریکٹر نے دیگر شرکا اور میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ اسٹیڈیم کے گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر کھلاڑیوں میں شرٹس بھی تقسیم کیئے۔