آزاد کشمیر اسمبلی نے امنِ عامہ اور شہری حقوق سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔
اسمبلی کا تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراجِ تحسین
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے امنِ عامہ اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے حوالے سے اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد میں تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
قرارداد میں شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پُرامن احتجاج، سیاسی سرگرمی اور اختلافِ رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم کسی بھی مسلح گروہ کو بزورِ اسلحہ راستے بند کرنے کا حق نہیں۔
اسمبلی نے کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح گروہوں کی پُرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے راولاکوٹ سمیت متاثرہ علاقوں میں راستوں کی بندش کے باعث علاج، تعلیم اور خوراک کی ترسیل متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ قرارداد کے مطابق 6 جون سے مختلف واقعات میں 34 اہلکار شہید اور 248 زخمی ہوئے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے جائز مطالبات کے حل کے لیے متعدد عوامی مطالبات تسلیم کرکے ان پر عمل درآمد کیا، جبکہ سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی اور انتخابات میں شرکت کی پیشکش بھی کی گئی، جسے کالعدم کمیٹی کی قیادت نے مسترد کیا۔
آئینی سوالات پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی پیشکش بھی مسترد کیے جانے کا ذکر قرارداد میں کیا گیا۔
نو منتخب اسمبلی نے موجودہ انتظامی ڈھانچہ برقرار رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ قرارداد میں بند راستے فوری کھولنے اور شہریوں کو بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جانے دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
اسمبلی نے مسلح گروہوں کے خاتمے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنے پر بھی زور دیا۔

