کَیس کے سیمینار میں پاکستانی صنعت کو اسمبلی سے آگے بڑھا کر مقامی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ کی طرف لے جانے پر زور دیا گیا۔
پاکستانی صنعت کو اسمبلی سے آگے بڑھا کر مینوفیکچرنگ کی طرف لے جانے کی ضرورت، کَیس
لاہور:سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (کَیس) لاہور کے زیر اہتمام "اسمبلی یا مینوفیکچرنگ؟ پاکستان کی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ صنعت میں لوکلائزیشن کی حقیقی گہرائی کی پیمائش” کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا، جس میں ماہرین تعلیم، دانشوروں اور کاروباری شخصیات نے صنعتی مقامی پیداوار، مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
کَیس لاہور کے ڈائریکٹر اکانومی ڈاکٹر شاہد رزاق نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ ٹیکنو گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر اللہ والا نے کہا کہ پاکستان کو اپنی صنعتی بنیاد محض اسمبلی تک محدود رکھنے کے بجائے گہری مینوفیکچرنگ، مقامی پرزہ جات کی تیاری اور ٹیکنالوجی کے انضمام کی جانب بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے بلند کاروباری لاگت، محصولات سے متعلق مشکلات اور خام مال کی صنعتوں کی کمی کو بڑی رکاوٹیں قرار دیا۔
پرائم انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی سلمان نے کہا کہ لوکلائزیشن کو بذاتِ خود مقصد بنانے کے بجائے مسابقت، پیداواریت، جدت اور برآمدی کارکردگی کے فروغ کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے عالمی ویلیو چینز میں شمولیت اور برآمدات پر مبنی صنعتی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔
لمز لاہور کے ٹیکنالوجی فار پیپل انیشی ایٹو کے ڈائریکٹر عثمان خان نے صنعتی پالیسی میں قابلِ پیمائش پیداواری صلاحیت، قدر میں اضافے، ٹیکنالوجی کے حصول اور انسانی سرمایہ کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
انہوں نے ضابطہ جاتی بوجھ، مہارتوں کے فقدان، سرکاری سرمایہ کاری کی کمی اور معاشی مشکلات کو صنعتی ترقی میں رکاوٹیں قرار دیتے ہوئے پالیسیوں کے تسلسل اور حکومت و نجی شعبے کے تعاون کی ضرورت اجاگر کی۔
اختتامی کلمات میں کَیس لاہور کے صدر ایئر مارشل (ر) عاصم سلیمان نے قابلِ پیمائش مقامی پیداوار، تکنیکی ترقی، پیداواریت اور ہنرمند انسانی سرمائے پر مبنی مربوط صنعتی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی پیداوار معاشی استحکام، بیرونی انحصار میں کمی اور دفاعی تیاری کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
سیمینار کے اختتام پر مکالماتی نشست میں اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کے چیلنجز، صنعتی مصنوعات کے معیار، سول و عسکری شعبوں کے تعاون، معیاری تعلیم میں موجود خلا اور پاکستان میں صنعتی ترقی کے ممکنہ راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

