مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کو ILMpact منصوبے کی سرگرمیوں اور کارکردگی پر بریفنگ
مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کو ILMpact منصوبے کی سرگرمیوں اور کارکردگی پر بریفنگ
بچوں کی بنیادی تعلیمی استعداد میں بہتری کے لیے ILMpact منصوبے کے مؤثر ماڈل کو دیگر معاونتی تعلیمی منصوبوں کے ساتھ یکجا کرنے کی ہدایت
تعلیمی شعبے کے پانچ سالہ پلان میں منصوبے کو شامل کیا جائے گا
بچوں کے ہوم ورک میں والدین کی شمولیت کے لیے مؤثر آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کو جمعرات کے روز محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں بچوں کی بنیادی تعلیمی استعداد اور سیکھنے کی مہارتوں میں بہتری کے لیے کام کرنے والے ILMpact منصوبے کی سرگرمیوں اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
عالمی ترقیاتی ادارے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) کے مالی تعاون سے برٹش کونسل کے تحت جاری یہ منصوبہ صوبے کے سات اضلاع میں سرگرم عمل ہے۔
اجلاس میں نئے تعینات ہونے والے سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمود اسلم وزیر، منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم منصور جعفر عباسی، فاؤنڈیشن لرننگ ہب کے ڈاکٹر جاوید ملک، برٹش کونسل کے ڈائریکٹر مظہر سراج، اکیڈمک ایڈوائزر رابعہ ملک سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
مشیر تعلیم کو منصوبے کے تحت جماعت سوم تا پنجم کے بچوں کی بنیادی تعلیمی استعداد میں موجود کمی کو دور کرنے، ان کی سیکھنے کی مہارتوں کو بہتر بنانے اور تعلیمی معیار میں اضافے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے منصوبے کے تعلیمی ماڈل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بنیادی تعلیمی استعداد میں بہتری کے لیے ایسے اقدامات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے تعلیمی شعبے میں کام کرنے والے دیگر منصوبوں، B-TAG اور 2022ء سے یونیسف کے تعاون سے جاری منصوبے کے مشترکہ پہلوؤں، تجربات اور فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے ورلڈ بینک کے متوقع تعاون سے ان اقدامات کو ایک مربوط منصوبے کے تحت آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
مشیر تعلیم نے کہا کہ ILMpact منصوبے کے مؤثر اقدامات کو تعلیمی شعبے کے لیے مرتب کیے جانے والے پانچ سالہ پلان میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی شعبے کی منصوبہ بندی کو بجٹ سازی کے عمل میں بھی مدنظر رکھا جائے گا جبکہ برٹش کونسل کے موجودہ منصوبے کے مفید اور مؤثر اقدامات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بچوں کی تعلیمی استعداد میں بہتری کے لیے والدین کے کردار کو مؤثر انداز میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اس ضمن میں ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
مشیر تعلیم نے کہا کہ سکول کے اوقات کار کے بعد والدین روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ بچوں کے ساتھ گزاریں اور ان کے اسباق، ہوم ورک اور تعلیمی سرگرمیوں میں معاونت کریں۔
اس مقصد کے لیے ایک مؤثر اور جامع آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ والدین بچوں کی تعلیمی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کی رہنمائی میں ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم کو ہدایت کی کہ مادری زبان سمیت آسان فہم زبان میں آگاہی مواد تیار کیا جائے اور اس کی مؤثر تشہیر کے ذریعے والدین کو مہم میں بھرپور طور پر شامل کیا جائے۔
دریں اثناء مشیر تعلیم کی زیر صدارت آئندہ پانچ سال کے لیے ایجوکیشن سیکٹر پلان کے ابتدائی خاکے پر غور و خوض کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران مشیر تعلیم کو گزشتہ ایجوکیشن سیکٹر پلان کے بنیادی خدوخال، اہم ترجیحات اور حاصل شدہ نتائج کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ہدایت کی کہ نئے تعلیمی پلان کی کامیابی کے لیے ایک حقیقت پسندانہ اور قابلِ حصول وژن وضع کیا جائے۔
انہوں نے پلان میں گڈ گورننس کے اصولوں کو شامل کرنے، ہر اقدام کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کرنے اور تمام اہداف کو مؤثر عمل درآمد اور نتائج سے مربوط کرنے پر زور دیا۔
مشیر تعلیم نے کہا کہ ایجوکیشن سیکٹر پلان بجٹ سازی کے عمل کے لیے ایک مؤثر رہنما دستاویز ہونا چاہیے تاکہ دستیاب وسائل کو تعلیمی ترجیحات اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔ انہوں نے نئے پلان میں جزا و سزا کا مؤثر نظام شامل کرنے کی تجویز بھی دی۔
مشیر تعلیم نے ایجوکیشن سیکٹر پلان کے لیے سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی جبکہ پلان کی جامع دستاویز سازی کی تیاری کی ذمہ داری ایڈیشنل سیکریٹری ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کو سونپی گئی۔

