نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی
مسلح افواج پاکستان کا نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی پر خراجِ عقیدت
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج پاکستان نے نشانِ حیدر کے ہم پلہ اعزاز ہلالِ کشمیر پانے والے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی کے موقع پر ان کی غیر معمولی بہادری اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے شہید کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ان کی جرأت اور فرض شناسی کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 1948ء کی جنگ کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے پیر کلیوا رج کے اہم دفاعی مقام کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کے مسلسل حملوں کا بہادری اور ثابت قدمی سے مقابلہ کیا۔
شدید مشکلات کے باوجود انہوں نے پسپائی اختیار نہیں کی، اگلی صفوں میں رہ کر قیادت کی اور وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کر دی۔
بیان میں کہا گیا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی بہادری پاکستان کی مسلح افواج کے اس جذبے کی عکاس ہے جو جرأت، استقامت اور ملکی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم سے عبارت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اور پاکستانی عوام شہداء کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی قربانی اور قومی خدمت کا ورثہ آنے والی نسلوں کو ملک کے لیے لگن اور وفاداری کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ترغیب دیتا رہے گا۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا اور ان کی جرأت، عزت اور وطن سے وفاداری کی روشن مثالیں قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

