اجلاس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور رکشوں کی درجہ بندی پر غور کیا گیا
ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت اجلاس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، رکشوں کی درجہ بندی اور روٹ پرمٹس کے اجرا کا فیصلہ
سوات(مہم نیوز)ڈپٹی کمشنر سوات کی زیرِ صدارت ٹریفک مینجمنٹ اور رکشوں کی رجسٹریشن اور غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی سے متعلق اجلاس
ڈپٹی کمشنر سوات کی زیرِ صدارت ضلع میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور رکشوں کی رجسٹریشن، قانونی حیثیت اور روٹ پرمٹس سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-ا بابوزئی، سوات قومی تڑون جرگہ کے اراکین، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر، سینئر موٹر وہیکل ایگزامینر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نمائندے، رکشہ یونین کے صدر اور رکشہ سازوں و درآمد کنندگان نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ ٹریفک جام کے مستقل حل کے لیے مؤثر منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحویل میں لیے گئے رکشوں کے خلاف کارروائی کی قانونی بنیاد واضح کی جائے۔
ایس پی ٹریفک نے کارروائیوں کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ رکشہ یونین کے نمائندے نے اپنے مسائل اور تحفظات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
متعلقہ محکموں نے 660 سی سی انجن، نشستوں کی گنجائش، انجن کی تبدیلی، رجسٹریشن کے تقاضوں اور روٹس کے تعین پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایک ہی رجسٹریشن نمبر پر متعدد رکشے چلنے، نئے رکشوں کی سوات آمد، ٹو سٹروک و فور سٹروک انجنوں اور رکشوں کی ساخت و درجہ بندی سے متعلق ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے ایک رجسٹریشن کارڈ کا معائنہ بھی کیا۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کو 657 سی سی انجن کے تحت رجسٹرڈ تمام رکشوں کی رجسٹریشن کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کرکے فوری طور پر متعلقہ اداروں اور فریقوں تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر کبل کو رکشہ ساز فیکٹریاں آج ہی سیل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں طے پایا کہ اصل کمپنی کی ساخت و حالت میں موجود اور ٹرانسپورٹ قواعد کے تقاضے پورے کرنے والے رکشوں کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔
رکشوں کی درجہ بندی اور روٹس کے تعین کے ساتھ روٹ پرمٹس کے اجرا کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔

