عوامی نیشنل پارٹی مردان کے سیکرٹری اطلاعات حارث خان
گورنر راج کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی ناقص حکمرانی ہے، حارث خان
مردان(مہم):عوامی نیشنل پارٹی مردان کے سیکرٹری اطلاعات حارث خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حالات پیدا ہونے کی ذمہ داری پی ٹی آئی کی ناقص حکمرانی،بدانتظامی اور خراب کارکردگی پر عائد ہوتی ہے۔
ایک بیان میں حارث خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے ادوارِ حکومت کے دوران عوام کو امن و امان، مالی بدانتظامی اور انتظامی ناکامیوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا رہا ہے۔
ان کے بقول صوبے کو موجودہ حالات تک پہنچانے میں پی ٹی آئی کی گزشتہ 13 سالہ حکمرانی کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی، مالی بے ضابطگیوں اور ناقص انتظامی کارکردگی نے ایسے حالات پیدا کیے جن میں گورنر راج جیسے اقدام کی نوبت آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرتی تو یہ صورتِ حال پیدا نہ ہوتی۔
حارث خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام ہمیشہ امن، ترقی اور باعزت زندگی کے خواہاں رہے ہیں۔
صوبے اور پختون قوم کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو درپیش بدامنی، مالی بحران اور کرپشن سمیت دیگر مسائل اور پختون عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

