راولپنڈی(مہم نیوز)بھارتی سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے قصور کے قریب پاک-بھارت سرحدی علاقے میں فائرنگ کردی، جس سے دو پاکستانی شہید اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک بھارت بین الاقوامی سرحد(قصور) کے قریب تین پاکستانی شہریوں پر مبینہ طور پر فائرنگ کی، فائرنگ سے 2 نہتے پاکستانی شہری شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے ہی بڑھے تو بی ایس ایف نے انہیں بغیر وارننگ ٹارگٹ کیا، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا اور تینوں شہری نہتے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کا تعلق لدھڑ کے علاقے جٹاں والی حویلی سے ہے۔

