وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک نظام کا اجراء کردیا۔
پشاور(مہم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں لینڈ ریکارڈ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں اہم پیشرفت کے طور پر ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک نظام کا اجراء کردیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات کا بنیادی مقصد شہریوں کو زمین سے متعلق خدمات آسان، شفاف، تیز اور ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
شہریوں کو فرد کے حصول کے لیے ریونیو دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ گھر بیٹھے یا قریبی مرکز سے فرد حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ میں ڈیجیٹل اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، جن سے خدمات کی فراہمی میں رفتار، شفافیت اور سہولت مزید بہتر ہوگی۔
حکومت شہریوں کو آسان اور شفاف سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای فرد پورٹل کے ذریعے شہری سادہ، محفوظ اور خودکار طریقے سے فرد حاصل کرسکیں گے۔
فرد کے اجراء کے لیے نادرا ای سہولت مراکز، آفیشل ویب سائٹ کے سیلف سروس پورٹل اور دستک ایپ کے ذریعے تین چینلز دستیاب ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صرف نادرا سے بائیومیٹرک تصدیق شدہ صارفین ہی ای فرد ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے، جبکہ فرد کی فیس ون لنک اور ایزی پیسہ کے ذریعے الیکٹرانک طور پر سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔
فیس کی ادائیگی کے بعد فرد شہری کے اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی اور اسے کسی بھی وقت دوبارہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔ فرد پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے مرکزی اراضی ریکارڈ سے اس کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک نظام کے ذریعے ریونیو خدمات حاصل کرنے والے شہریوں سے بے ترتیب بنیادوں پر ٹیلی فونک رابطہ کیا جائے گا۔
شہریوں کی آراء آواز کی صورت میں ریکارڈ کرکے نظام میں درج کی جائیں گی، جبکہ شہری اطمینان کو چار درجات میں ریکارڈ کیا جائے گا۔ غیر مطمئن شہریوں کی شکایات براہ راست متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوں گی۔
ڈیجیٹل فیڈ بیک کے ذریعے ریونیو خدمات میں تاخیر، مسائل اور ناقص کارکردگی کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔
مزید بتایا گیا کہ شہریوں کی رائے کو اضلاع کی کارکردگی اور شہری اطمینان کی مسلسل نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
شہری فیڈ بیک کو ڈپٹی کمشنرز کے ماہانہ اجلاسوں میں کارکردگی کے ایک اہم اشاریے کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کمزور کارکردگی والے اضلاع سے جواب طلبی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے زمین سے متعلق شکایات میں کمی آئے گی اور لینڈ ریکارڈ نظام میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ڈیجیٹل اصلاحات کے اجراء میں کردار ادا کرنے والے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔

