
اسلام آباد(روزنامہ مہم)پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یوم پاکستان کے موقع پر ایوانِ صدر میں ہونے والی پریڈ کے دوران شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ پیش کیا۔
اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، سروسز چیفس اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوبھی موجود تھے۔

23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد لاہور کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شہر اقتدار کی فضاؤں میں بے مثال مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور فضائی برتری کا مظاہرہ کیا۔
فلائی پاسٹ کا آغاز شیر دلز ٹیم کی دل دہلا دینے والی پرفارمنس سے ہوا، جنہوں نے فضا ء میں شاندار کرتب اور ایئر وبٹکس کا مظاہرہ پیش کیا، جو پی اے ایف کے شاہینوں کی بےمثال مہارت اور کٹھن تربیت کو ظاہر کرتا ہے۔

شیر دلز فارمیشن نے ایوانِ صدر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے پاکستانی پرچم کے رنگ فضاء میں پھیلائے، جو پاک فضائیہ کے قومی عزم کی عکاس ہے ۔
پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈرز، ایف-16 فائٹنگ فالکنز، میراج اور جدید ترین جے-10 سی طیاروں پر مشتمل متنوع طیاروں کے بیڑے نے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا۔
ملکی و بین الااقوامی مہمانوں نے پاک فضائیہ کے طیاروں کی درست فارمیشنز اور اعلیٰ ترین ہم آہنگی کو سراہا ۔
پاک فضائیہ کا فلائی پاسٹ بیمثال آپریشنل تیاری اور بہترین جنگی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
رواں سال یوم پاکستان کی تقریب رمضان کے مقدس مہینے کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود پیمانے پر منائی گئی۔
تاہم، پاک فضائیہ کا فلائی پاسٹ اس تقریب کا سب سے نمایاں حصہ رہا، جو پاک فضائیہ کی قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مستقل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
پاک فضائیہ جدید ترین فضائی ٹیکنالوجیز میں برتری اور قابل قدر تربیتی پروگرام کے ذریعے مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔
پاک فضائیہ اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ ملکی فضائی دفاع کو مستحکم اور ناقابل تسخیر بنایا جا سکے ۔
