
اسلام آباد(روزنامہ مہم)جنوبی افریقہ کی قائم مقام سیکرٹری دفاع ڈاکٹر تھوبیکیلے گامیدی کی دفاعی وفد کے ہمراہ سربراہ پاک فضائیہ ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات ۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین فوجی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی، جس میں مشترکہ مفادات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی اور ہوابازی کی صنعت میں تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ملاقات کے دوران، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے جدت طرازی کے منصوبوں، آپریشنل ڈھانچے اور مستقبل کی جنگی حکمت عملی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کےاہم کردار کو اُجاگر کیا جو خود انحصاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دفاعی میدان میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جانب سے جنوبی افریقہ ایئر فورس کے ساتھ فوجی سطح پر تعاون اور تربیت کے میدان میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر تھوبیکیلے گامیدی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابیوں کو سراہا اور تکنیکی میدان میں پاکستان ائیرفورس کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔
اُنہوں نے جنوبی افریقہ ایئر فورس کی جدت طرازی کے لئے پاک فضائیہ سے مدد کی خواہش کا اظہار کیا اور اہم دفاعی سازوسامان کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی تعاون کی درخواست کی۔
جنوبی افریقی وفد نے دونوں ممالک کی ایئر فورسز کے مابین موجودہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی، جن میں بنیادی سے لے کر تکنیکی سطح تک کے تربیتی پروگرامز شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی قائم مقام سیکرٹری دفاع نے حالیہ مشق انڈس شیلڈ کے دوران پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین صلاحیتوں کو سراہا۔
اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مشق کی کامیاب تکمیل پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور مختلف آپریشنل ڈومینز میں اس کی ہمہ جہت صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
جنوبی افریقہ کے وفد نے اپنی فضائیہ کو جدید بنانے اور نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت صنعتی ڈھانچہ قائم کرنے کے ارادے کا اظہار بھی کیا۔
وفد نے نیشنل آئی ایس آر و انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں اُنہیں پاکستان ائیرفورس کی آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جنوبی افریقہ کے قائم مقام سیکرٹری دفاع کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین عسکری شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔