وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے منگل کے روز اپنے دفتر پشاور میں خیبر پختونخواہاؤسنگ اتھارٹی کے 40 ویں اجلاس کی صدارت کیاس موقع پر سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ عنبر علی اور ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے اتھارٹی کی زیر نگرانی جاری اور مکمل کی جا نے والی سکیموں پر معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کی مشکلات کے پیش نظر محکمہ ہاؤسنگ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ کی زیر نگرانی پشاور ویلی کے نام پر شروع کیا گیا پرانا ہاؤسنگ منصوبہ بھی خیبر پختونخوا ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا گیا ہے۔
پشاور ویلی صوبائی گورنمنٹ کا ایک بہت بڑا رہائشی منصوبہ ہے جس کا رقبہ تقریبا ایک لاکھ ستر ہزار کنال پر محیط ہے اور محکمہ اس کی تکمیل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو آگے بڑھاتے ہوئے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ اپنے دیگر ہاؤسنگ منصوبوں کی طرز پر مکمل کر ے گا اور اس کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ عمران وزیر نے اس موقع پر کہا ہے کہ جلو زئی ہاؤسنگ سکیم پر ترقیاتی کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے اور اس منصوبے کو مزید وسعت دینے کے لئے ملحقہ اراضی پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت حاصل کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سوات دانگرام ہاؤسنگ سکیم کے لیے سائٹ آفس اور متعلق سٹاف کا بھی انتظام ہو چکا ہے جبکہ پشاور ویلی ہاؤسنگ منصوبہ کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر اس کی تکمیل کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔