اسلام آباد میں پاکستان اور کویت کے بحری سربراہان کی ملاقات
کویتی بحریہ کے کمانڈر کی نیول چیف سے ملاقات، بحری تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کویتی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل (نیوی) سیف عبدالہادی الحمدان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کویتی مہمان کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات میں علاقائی بحری امن و استحکام کے فروغ اور دوطرفہ بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور علاقائی بحری امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

