بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
26 اکتوبر کو ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا،جس کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کیا گیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
بیان کے مطابق ضلع وڈھ میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

