قلعہ سیف اللہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک ہوگیا۔
قلعہ سیف اللہ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کا کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک
کوئٹہ:سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک ہو گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ دسمبر 2020ء سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا اور 2024ء سے دہشت گرد گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔
وہ مبینہ طور پر غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں مستقل رہائش فراہم کرنے میں بھی مدد کرتا رہا۔
ذرائع کے مطابق عادل شاہ 2022ء اور 2023ء سے سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کے لیے بھتہ خوری کی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔
اس کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 ایف آئی آرز درج تھیں، جبکہ اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔

