گوادر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک اور ایک شہری شہید ہوا۔
گوادر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک، ایک شہری شہید
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے 22 اکتوبر کو گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم حملوں کے دوران ایک شہری شہید ہوا اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے گوادر شہر اور اس کے گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز شروع کیے گئے۔
مختلف مقامات پر جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے اور ریاستی عمل داری کو چیلنج کرنے کی کوشش کا مؤثر جواب دیا۔
آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور علاقے میں امن و امان بحال کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک بلوچ خاتون کو دہشت گردانہ حملے میں استعمال کرنا ریاست کے خلاف جرم ہونے کے ساتھ بلوچ خواتین کی حرمت کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں خواتین کو اپنے مقاصد اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہی ہیں، جبکہ یہ طرزِ عمل بلوچ اور اسلامی روایات کے منافی ہے، جن میں خواتین کو عزت و احترام حاصل ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ان عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں جو ان کے نام پر خون بہاتے ہیں، اور وہ دہشت گردوں کے اس گمراہ کن بیانیے کو بھی پہچانیں گے۔
بیان کے مطابق قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

