فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ،دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھنے کا عزم
راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا،جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال،جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز،سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور جہاں بھی یہ عناصر موجود ہوں گے، انہیں مؤثر جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہداء اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔
پشاور کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

