گرفتار ملزمان کے قبضے سے 70 سے 80 فیصد مالِ مسروقہ برآمد تھانہ مارگلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے واردات کا سراغ لگایا۔
اسلام آباد:تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس تھانہ مارگلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے سیکٹر F-8/3میں نواب آف بہاولپور فیملی کے گھر ہونے والی چوری کی واردات ٹریس کرکے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 70 سے 80 فیصد مالِ مسروقہ برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید مالِ مسروقہ کی برآمدگی اور واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق مارگلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے واردات کا سراغ لگایا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزید برآمدگی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں کے جان و مال اور قیمتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید موثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے احکامات پر اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس کے مشترکہ گرینڈ کومبنگ و سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کیے جانے والے ان آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر، مشکوک افراد اور قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈز شہر بھر میں مسلسل متحرک ہیں، جبکہ اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر موثر چیکنگ اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔
سرچ آپریشنز کے دوران مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کے ساتھ شناخت اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، جبکہ قانون شکن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ چیکنگ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور شناخت و دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل میں تعاون کو یقینی بنائیں۔
شہری اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک شخص، گاڑی یا سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اسلام آباد پولیس شہریوں کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت کو مزید محفوظ بنانے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

