خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کے لیے 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا، خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کی وجہ سے اسلام آباد اور باقی پاکستان میں امن ہے، وزیراعلیٰ۔
پشاور(مہم نیوز)خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا فرنٹ لائن صوبہ ہے، جعلی وزیراعلیٰ پنجاب کا بھارت کے بجائے پاکستان کے باقی صوبوں سے خطرے کا بیان ہمارے شہداءکی تضحیک ہے، وزیر اعلیٰ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے دہشتگردی کے اس بزدلانہ واقعے کو انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سنگین اور انسانیت سوز فعل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کوہاٹ خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس جوانوں اور عام شہریوں کے درجات بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت اپنے شہداء کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
شدید زخمیوں کو ضرورت کے مطابق دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔
محمد سہیل آفریدی نے واقعے کے تمام پہلووں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پورے پاکستان کو، خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشتگرد کہنے والوں کو آج ایک بار پھر یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کے لیے 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان میں امن قائم ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا فرنٹ لائن صوبہ ہے اور یہاں کے عوام مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔
ہمارے لوگ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، اسی لیے اسلام آباد اور ملک کے باقی حصوں میں امن ہے۔ اس قربانی کی قدر کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف کہے گئے ایک ایک لفظ سے ہمارے زخم تازہ ہوتے ہیں اور ہمارے شہدائ کی بے حرمتی ہوتی ہے۔
ہماری قربانیوں کو نظر انداز کرنا اور ان کی قدر نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ نے سب سے بڑے صوبے کے جعلی وزیراعلیٰ کے اس بیان پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں بھارت سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے تمام صوبے محب وطن پاکستانی ہیں اور سب نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں، اب بھی دے رہے ہیں اور ان شاء اللہ ہمیشہ دیتے رہیں گے، کیونکہ یہ ہمارا پاکستان ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کے درمیان تفریق، تعصب اور نفرت پیدا کرنے والی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کسی بھی فرد یا کسی بھی جانب سے پاکستان کے عوام میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان شاءاللہ پاکستان ہمیشہ زندہ، قائم اور دائم رہے گا اور خیبرپختونخوا کے عوام کی پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
