راولپنڈی(مہم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی انڈونیشین نیوی ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے پاک انڈونیشیا عسکری تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بالخصوص پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ مشقوں کے شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں سمیت پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کا اعتراف کیا۔
