
خیبر پختونخوا حکومت نے سینئر افسر انصاراللہ خلجی کو ڈائریکٹر جنرل اطلاعات مقرر کر دیا ہے۔ اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
پشاور(روزنامہ مہم)انصاراللہ خلجی محکمہ اطلاعات کے ایک سینئر اور تجربہ کار افسر ہیں، جنہوں نے نہ صرف محکمہ اطلاعات بلکہ قومی و بین الاقوامی اداروں میں بھی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
وہ پشاور یونیورسٹی سے جرنلزم میں امتیازی حیثیت سے فارغ التحصیل ہیں اور کئی برسوں تک انگریزی صحافت سے بھی وابستہ رہے۔
انصار خلجی اردو، پشتو اور انگریزی زبانوں میں یکساں مہارت رکھتے ہیں اور ان کے ہزاروں مضامین ملک کے موثر اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے محکمہ اطلاعات میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شمولیت اختیار کی تھی اور صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
خلجی نے عالمی بینک، یونیسف، یو ایس ایڈ جیسے اداروں میں بطور کمیونی کیشن کنسلٹنٹ خدمات انجام دیں۔ وہ محکمہ اطلاعات کے پہلے افسر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی بہترین کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا۔
انہوں نے چین، امریکہ اور افریقہ کے ممتاز اداروں سے مختلف کورسز بھی کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔
نو تعینات ڈائریکٹر جنرل اطلاعات اس سے قبل صوبائی پریس رجسٹرار کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
وہ دو مرتبہ پختون خوا ریڈیو پشاور کے اسٹیشن ڈائریکٹر اور محکمہ اطلاعات میں ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سمیت متعدد کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
انصاراللہ خلجی پشتو زبان کے معروف صاحب دیوان شاعر بھی ہیں۔ ان کی غیر مطبوعہ کتب میں "کورونا میں محکمہ اطلاعات کا کردار” اور ایک شعری مجموعہ شامل ہیں، جبکہ "محکمہ اطلاعات اور دور جدید کے تقاضے” کے عنوان سے ان کی ایک اور کتاب تکمیل کے مراحل میں ہے۔
ان کی تعیناتی کا خیرمقدم صحافتی حلقوں، اخباری مالکان، کارکن صحافیوں اور محکمہ اطلاعات کے اہلکاروں کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔
انصار خلجی کی تعیناتی کو ان کے وسیع تجربے، شاندار کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر خیبر پختونخوا حکومت کا ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔