
پشاور(روزنامہ مہم)پشاور کی ترقی اور اپ لفٹ کے لیے وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، ایم این اے آصف خان، وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کے فوکل پرسن ارباب عاصم خان، سیکرٹری خزانہ، کمشنر پشاور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر پشاور، پی ڈی اے، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ٹاسک فورس صفائی، ٹریفک، ترقیاتی منصوبوں، شہر کی خوبصورتی پر کام کرے گی۔
ٹاسک فورس پشاور کی بہتری کیلئے حکومت کی معاونت کرے گی اور تجاویز بھی دے گی۔ پی ڈی اے، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر متعلقہ ادارے ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔
ٹاسک فورس کے قیام کا مقصد ان تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا اور کوششوں کو جامع کرنا ہے۔
فیلڈ میں کمشنر پشاور سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کرینگے اور ٹاسک فورس کو پیش رفت پر آگاہ کریں گے۔
اجلاس کو پشاور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو حیات آباد ٹریل پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی جس میں متعدد منصوبے شامل ہیں۔
ٹریل میں جاگنگ اور سائیکل ٹریک پر 72 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے منصوبوں کی تکمیل کے بعد دیر پا افادیت کیلئے پلان کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں پی ڈی اے کی کیپیسٹی بڑھانے کے لئے اسکی ری اسٹرکچرنگ پر بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
ڈی جی پی ڈی اے نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پشاور بیوٹیفکیشن کیلئے پلان پر اس مہینے کام شروع کردیا جائے گا جو تین مہینے میں پشاور کی اپ لفٹ کیلئے جامع فزیبلٹی پر محیط ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے بس ٹرمینل کی بروقت تکمیل کے لیے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا پشاور کو کم وقت میں ماڈل سٹی بنانے پر کام کررہی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹریکنگ شیٹ سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی پشاور کی ترقی کے لیے پی ڈی اے کو ایکشن پلان بنانے کی ہدایت تاکہ ذمہ داریوں کا تعین کیا جاسکے۔
اجلاس کو ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے پشاور میں صفائی، واٹر سپلائی اور نکاسی، روڈ سویپنگ، ویسٹ کلیکشن صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی پانی کے کنکشن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ ڈبلیو ایس ایس پی کو جدید ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔
ڈبلیو ایس ایس پی میں ملازمین کی کارکردگی جانچنے کے لیے بھی نظام وضع کیا گیا ہے۔اجلاس کو ٹی ایم ایز کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری نے ٹی ایم ایز کو صفائی اور وسائل کے استعمال پر جامع پلان بنانے کی ہدایت کردی۔ٹاسک فورس نے پشاور میں 15 اپریل سے بھرپور ہفتہ صفائی چلانے کی بھی منظوری دی۔