جہاں میرٹ کو نظرانداز کیا جاتا ہے، وہ معاشرے کبھی ترقی نہیں کر سکتے،مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ہماری قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں ان چیلنجز کو سمجھنے اور ان کے محرکات کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔
کامیاب معاشرے وہی ہوتے ہیں جو اپنے باصلاحیت افراد کی قدر کرتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”فیوچر لیڈرز ایکسپو 2024 ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اپنے خطاب میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے نوجوانوں کے کردار، صلاحیتوں کی ترقی اور قومی ترقی میں ان کے کردار پر زور دیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اس قسم کی تقاریب نوجوانوں کی رہنمائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ان کی تربیت اور صلاحیتوں کو صحیح سمت میں بروئے کار لانا انتہائی ضروری ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے میرٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جہاں میرٹ کو نظرانداز کیا جاتا ہے، وہ معاشرے کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذات پر فوکس کریں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت انتہائی قیمتی ہے اور اسے ضائع کرنے والے افراد یا اقوام کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے مقاصد کو ذہن میں رکھ کر جدوجہد کرنے والے افراد ہی کامیاب ہوتے ہیں اور وہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اخلاقیات اور کردار کی مضبوطی کامیابی کی بنیاد ہیں اور قوموں کی ترقی کردار اور علم کے امتزاج سے ممکن ہوتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو وقت کی قدر کرتے ہوئے اپنی توانائیوں کو مثبت سرگرمیوں میں صرف کرنا چاہیے۔
پروگرام میں سابق سینیٹر و رہنما جماعت اسلامی مشتاق احمد،ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی، ناظم صوبہ وسیم حیدر سمیت دیگر طلباء رہنماؤں نے شرکت کی اور طلباء و طالبات سے خطابات کئے۔پروگرام میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں سے سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔