فائل فوٹو
نگار جوہر مشیر صحت کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا اجلاس، ڈاکٹروں کی بھرتیاں تیز اور ای پی آئی خدمات مؤثر بنانے کی ہدایت
پشاور(بیورو رپورٹ)ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹروں کی کنٹریکٹ اور فکس پے بنیادوں پر بھرتیوں، خالی آسامیوں پر تقرریوں اور صوبے بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام (ای پی آئی) کی خدمات بہتر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام نے کنٹریکٹ اور فکس پے بنیادوں پر ڈاکٹروں کی بھرتیوں کی موجودہ صورتِ حال، خالی آسامیوں اور متعلقہ انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
نگار جوہر نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام سرکاری صحت مراکز میں ای پی آئی پروگرام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے۔
انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات کی مؤثر فراہمی، بچوں کی ویکسینیشن تک رسائی بہتر بنانے اور پروگرام کی کارکردگی میں اضافے کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا، تاکہ بچوں کو قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کنٹریکٹ اور فکس پے بنیادوں پر بھرتیوں کے شرائط و ضوابط واضح، شفاف اور قابلِ فہم ہونے چاہئیں۔
بالخصوص دور افتادہ اور دشوار گزار اضلاع میں تعیناتی سے متعلق پالیسی اور مراعات کی وضاحت ضروری ہے تاکہ ان علاقوں میں ڈاکٹروں کی دستیابی بہتر بنائی جا سکے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم ہوں۔
ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ بھرتیوں کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے، انتظامی رکاوٹیں دور کی جائیں اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے صحت کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں صحت کی سہولیات بہتر بنانا، طبی عملے کی دستیابی یقینی بنانا اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

