چھٹا آل پاکستان ذو لسانی تقریری مقابلہ 30نومبر 2024ء کو کیڈٹ کالج سانگھڑ میں منعقد ہوا۔
جس میں سینیٹر قرۃالعین مری نے اس شاندار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
آل پاکستان مقابلہ تقاریر میں ملک بھر سے 45مشہور ومعروف تعلیمی اداروں کے 90بہترین مقررین نے شرکت کی ۔
مقررین نے سنجیدہ اور مزاحیہ موضوعات پر متاثرکن تقاریر کیں ۔ پاکستان کے معروف اداروں سے تعلق رکھنے والے پروفیسرز اور علمی و ادبی شخصیات نے ججز کے فرائض سر انجام دیے ۔
حاضرین سے خطاب کرتےہوئے مہمان خصوصی نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے علاوہ طلباء کی اخلاقی نشوونما اور کردار سازی پر توجہ دیں۔
انہوں نےمزید کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار نوجوانوں پر ہوتا ہے۔
بعدازاں انہوں نے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو مبارک باد پیش کی اور مقابلے کے کامیاب انعقاد پر کیڈٹ کالج سانگھڑ کی کاوشوں کو سراہا ۔
قبل ازیں ، کمانڈنٹ / پرنسپل کیڈٹ کالج سانگھڑ ، کموڈور ذیشان علی ستارہ امتیاز (ملٹری) نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور پورے ملک سے آنے والے معزز مہمانوں اور تقریری مقابلہ میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور فن خطابت کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
چھٹےآل پاکستان ذو لسانی مقابلہ تقریر میں انگریزی مقابلہ تقریر میں اسرا یونیوسٹی حیدرآباد نے پہلی پوزیشن جبکہ دوسری پوزیشن گورنمنٹ کالج حیدرآباد اورتیسری پوزیشن لیاقت یونیوسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز جامشورو نےحاصل کی۔
اردو مقابلہ تقریرمیں کیڈٹ کالج اوڑمارہ نےپہلی،جب کہ نمل یونیورسٹی کراچی نے دوسری اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی نےتیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس کے علاوہ حوصلہ افزائی کےلیے حیات کالج فاطمہ کیمپس حیدرآباد ، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج نواب شاہ ،انگلش میں مرین اکیڈمی کراچی اور تبانیز کالج (PECHS Campus) کو شیلڈز سے نوازہ گیا۔
چھٹے آل پاکستان ذو لسانی مقابلہ تقریر کی چیمپئن ٹرافی کیڈٹ کالج اوڑماڑہ نے حاصل کی جبکہ رنر اپ ٹرافی یونیورسٹی آف کراچی نےحاصل کی۔تقریب کے دوران دل کش ثقافتی ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے۔
شرکاء اور مہمانوں نے رائیڈنگ کلب، شوٹنگ رینج، فیض محل آرٹ گیلری ، سوئمنگ پول ، کالج کے باغات اور دیگر مقامات کا وزٹ کیا۔
اس کے ساتھ بگھی کی سواری اور کالج ڈیری فارم پر تازہ چائے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے مہمان بہت لطف اندوز ہوئے۔
شرکاء نے دوران قیام میزبانی پر کالج انتظامیہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔