واٹس ایپ پر اسٹیٹس ویڈیوز ڈبل سپیڈ پر دیکھنے کی سہولت متعارف
واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف، سٹیٹس اب ڈبل سپیڈ پر دیکھنا ممکن ہو گا
ویب ڈیسک: ٹکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسٹیٹس اپ ڈیٹس ڈبل رفتار سے دیکھنے کا نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اسٹیٹس کم وقت میں دیکھ سکیں گے۔
فی الحال یہ سہولت بعض بیٹا صارفین کو فراہم کی گئی ہے، جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں مزید صارفین تک اس کی رسائی متوقع ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یہ فیچر گوگل پلے اسٹور پر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.40.4 میں دیکھا گیا ہے۔اس کے ذریعے صارفین اسٹیٹس کی پلے بیک رفتار عارضی طور پر دوگنا کر سکیں گے۔
فیچر استعمال کرنے کے لیے اسٹیٹس دیکھتے ہوئے اسکرین کے دائیں جانب انگلی دبا کر رکھنا ہوگی۔ اس دوران ویڈیو یا اسٹیٹس تیز رفتار سے چلے گا، جبکہ انگلی ہٹاتے ہی رفتار معمول پر آجائے گی۔ اس سہولت کے لیے کسی مستقل سیٹنگ میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق آڈیو کے ساتھ اسٹیٹس اپ ڈیٹس کا دورانیہ 30 سیکنڈ تک ہوسکتا ہے، جس کے باعث زیادہ کانٹیکٹس کے اسٹیٹس دیکھنے میں وقت لگتا ہے۔ نیا فیچر صارفین کو کم وقت میں زیادہ اسٹیٹس دیکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اس فیچر کی آئی فون صارفین کے لیے فراہمی کی اطلاعات بھی پہلے سامنے آچکی ہیں،جبکہ اب اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے اس کی دستیابی شروع ہونے کی خبریں ہیں۔
تاہم، عام صارفین تک اس کی مکمل فراہمی مرحلہ وار متوقع ہے۔

