خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام عمران خان کرکٹ پشاور میں "کھیل سے خدمت” کے نام سے پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان دوستانہ چیریٹی کرکٹ میچ ہفتے کے روز کھیلا گیا۔
پشاور(روزنامہ مہم)عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں 19 سال بعد یہ پہلا اور تاریخی موقع تھا کہ کرکٹ کے سپر سٹارز اور لیجنڈز کھلاڑیوں کے مابین زبردست مقابلہ ہوا۔
منعقدہ میچ میں پشاور زلمی نے لیجنڈ الیون کو شکست دے کر 8 رنز سے جیت حاصل کی۔میچ کے دوران عمران خان کرکٹ سٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا تھا جس میں پشاور اور اس پاس کے شائقین کھیل نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سیلاب متاثرین سے اپنی ہمدردی اور یونٹی کا مظاہرہ کیا۔

میچ میں خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان کے علاؤہ صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان آفریدی،سینیٹر فیصل جاوید،چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر و دیگر اعلی شخصیات،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،محکمہ سپورٹس کے افسران کے علاؤہ دیگر اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔
میچ سے قبل صوبائی وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان اور کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے گراؤنڈ میں انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔واضح رہے کہ مذکورہ کرکٹ میچ سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کی بحالی پر خرچ کی جائے گی جس کے لئیے صوبائی وزیر کھیل کی کوششوں سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس نے پشاور زلمی کے باہمی تعاون سے یہ اہم قدم اٹھا یا۔

میچ کے اختتام پر وزیر کھیل سید فخرجہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں سے یکجہتی اور بحالی کیلئے ایک کامیاب کوشش کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ اس قومی مقصد میں پشاور اور اس پاس کے شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
سید فخر جہان نے کہا کہ تقریباً 19 سال بعد عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کی رونقیں بحال ہوئیں اور شائقین سے یہ سٹیڈیم بھرا دیکھا۔
انھوں نے کہا کہ اس اہم کاوش میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس اور پشاور زلمی نے سیلاب زدگان سے یکجہتی کا مظاہرہ کرکے کھیل سے خدمت کی یہ منفرد اور ایم سرگرمی سر انجام دی اور اس میں اپنے حصے کی خدمت کا حصہ ڈالا جو انتہائی خوش آئیند ہے۔
انھوں نے کہا کہ 19 سال بعد یہاں پر کھیل کا میدان سج کر شائقین کا جذبہ دیدنی تھا اور انشاللہ آئندہ کیلیے بھی یہ اسٹیڈیم آباد رہے گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ میچ کے دوران پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے خوشگوار ملاقات ہوئی اور انشاللہ آئندہ پی ایس ایل میں اس سٹیڈیم میں بھی شیڈول میچز کھیلے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اس میچ سے ایک طرف سیلاب زدگان سے یکجہتی کا پیغام گیا تو دوسری جانب شہریوں کو 19 سال بعد پشاور میں کھیل کا ایک اچھا موقع ملا اور وہ اس سے لطف اندوز ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ میں پشاور کے باسیوں،فیملیز اور خواتین کو میچ دیکھنے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ کرکٹ کے لیجنڈز اور موجودہ کھلاڑیوں کا بھی انتہائی شکر گزار ہوں کہ انھوں نے اس میچ میں حصہ لیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے عوام دوست ویژن کے مطابق ہم اپنے عوام کیلئے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں منعقد کرائیں گے۔

