ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خیبرپختونخوا رشیدہ غزنوی نے کہا ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
قائداعظم گیمز میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اس کا واضح ثبوت ہے۔
اپنے ایک بیان میں رشیدہ غزنوی نے کہا کہ محکمہ کھیل صوبے میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو یکساں سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
نیشنل گیمز اور بین الصوبائی مقابلوں سے قبل مرد کھلاڑیوں کی طرح خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں انہیں مرد کھلاڑیوں کے برابر ڈیلی الاؤنس بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں حالیہ قائداعظم بین الصوبائی گیمز کے لیے گیارہ مختلف کھیلوں کی خواتین کھلاڑیوں کے لیے منعقدہ تربیتی کیمپس میں 163 کھلاڑیوں کو سات دنوں کیلئے ڈیلی الاؤنس فراہم کیا گیا۔
اگرکسی کھلاڑی کی ڈیلی الاونس کسی وجہ سے نہیں ملی تو وہ مجھ سے متعلقہ سیکشن میں رابطہ کرسکتے ہیں۔
رشیدہ غزنوی کا کہنا تھا کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کھلاڑیوں کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ صوبے کا ٹیلنٹ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا سکے۔