وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے بدھ کے روز وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور انکے ساتھ ضلع صوابی میں کھیل کے شعبے کے حوالے سے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سپورٹس رشیدہ غزنوی،ڈائریکٹر ورکس احمد زیب اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صوابی ابراہیم مہمند نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوابی میں کھیل کے مجوزہ 9 نئے منصوبوں کی منظوری کے حوالے سے جائزہ لیا گیا جبکہ تحصیل پلے گراونڈ لاہور کی باؤنڈری وال کو مزید بڑھانے اور اس میں اوپن ائیر جم کے قیام کے امور کو بھی زیر غور لایا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل نے محکمہ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ لاہور گراؤنڈ کا دورہ کرکے وہاں پر ضروری ترقیاتی کام کے حوالے سے پی سی ون تیار کرے۔
انھوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ کے متعلقہ حکام ضلع میں مجوزہ 8 دیگر سائٹس کا دورہ کرکے وہاں پر سپورٹس سکیمز کی منظوری کیلئے تمام درکار لوازمات پوری کریں اور انھیں مزید کاروائی کیلئے متعلقہ حکام کو ارسال کریں۔